...

رینجرز حملہ: صدر اور وزیراعظم کی کراچی حملے کی مذمت، شہداء کو خراجِ عقیدت

رینجرز حملہ پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے الگ الگ بیانات میں کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کی ہے اور شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف اپنی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، جبکہ شہداء کی قربانیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے حملہ ناکام بنا کر اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کارروائی کے دوران تین حملہ آور مارے گئے جبکہ ایک کو زندہ گرفتار کیا گیا۔

وزیراعظم نے آپریشن میں شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ کے لیے صبر اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور دہشت گردی کے ہر خطرے کا پوری قوت سے مقابلہ کیا جائے گا۔ وزیراعظم کے مطابق قوم اپنی مسلح افواج، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!
Seraphinite AcceleratorOptimized by Seraphinite Accelerator
Turns on site high speed to be attractive for people and search engines.