کراچی: یومِ عاشورہ کے موقع پر کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) انجینئر اسداللہ خان نے مرکزی جلوسوں اور اہم عزاداری روٹس کا تفصیلی دورہ کیا اور فراہمی و نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
ترجمان کے مطابق سی او او نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے تمام راستوں پر پانی کی بلا تعطل فراہمی اور نکاسی آب کے مؤثر انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے پانی کے رساؤ، سیوریج اوور فلو اور دیگر شہری شکایات کے خاتمے کے لیے کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔
واٹر کارپوریشن کے مطابق یومِ عاشورہ کے دوران مرکزی اور ذیلی جلوسوں کے شرکاء کو پانی کی فراہمی کے لیے مختلف مقامات پر واٹر ٹینکرز تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ شکایتی ٹیمیں، بھاری مشینری اور فیلڈ عملہ جلوسوں کے روٹس پر مسلسل موجود اور ہائی الرٹ ہیں۔
انجینئر اسداللہ خان نے کہا کہ عزادارانِ حضرت امام حسینؑ کو بہترین شہری سہولیات فراہم کرنا واٹر کارپوریشن کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایات کے مطابق یومِ عاشورہ کے موقع پر فراہمی و نکاسی آب کے تمام انتظامات مؤثر اور منظم انداز میں مکمل کیے گئے ہیں۔
دورے کے دوران جعفریہ الائنس کے مرکزی رہنما سید شبر رضا زیدی، چیف انجینئر آفتاب عالم چانڈیو اور دیگر متعلقہ افسران بھی سی او او کے ہمراہ موجود تھے۔ وفد نے جلوسوں کے راستوں پر انتظامات کا مشترکہ جائزہ لیا۔
ترجمان کے مطابق جعفریہ الائنس نے واٹر کارپوریشن کی بروقت کارکردگی، مؤثر انتظامات، افسران اور عملے کی مسلسل موجودگی اور فوری رسپانس کو سراہتے ہوئے یومِ عاشورہ کے دوران بھرپور تعاون پر ادارے کا شکریہ ادا کیا۔




