کراچی کے ضلع سینٹرل میں پولیس مقابلہ کے دوران اسٹریٹ کرائم میں مبینہ طور پر ملوث دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے، جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کی حدود میں خمسہ گوٹھ کے قریب ڈبل پی ایم ٹی، سیکٹر 5-F نیو کراچی میں پیش آیا، جہاں گشت پر مامور اہلکاروں اور مشتبہ ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
پولیس نے بتایا کہ مقابلے کے دوران دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ گرفتار افراد کی شناخت شہزاد ولد شیر محمد اور شاہ رخ ولد یار محمد کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزم کی شناخت حسنین ولد خانزادہ کے طور پر کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ایک 30 بور پستول، ایک 9 ایم ایم پستول بمعہ لوڈ میگزین اور نقد رقم برآمد ہوئی۔ برآمد شدہ اسلحہ کو تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
زخمی ملزمان کو فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کا مجرمانہ ریکارڈ اور دیگر تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔
پولیس نے فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے تلاش کا عمل شروع کر دیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔