کراچی سٹی: رسالہ پولیس کی کارروائی، گھر سے 20 تولہ سونا چوری کرنے والی ملازمہ گرفتار، 6 تولہ سونا برآمد

کراچی کے ڈسٹرکٹ سٹی میں رسالہ پولیس نے انٹیلیجنس بیسڈ ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے گھر سے 20 تولہ سونا چوری کرنے کے مقدمے میں ملوث گھریلو ملازمہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمہ کی شناخت آصفہ کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ 12 جون کو پیش آیا تھا جب ملزمہ نے گھر میں صفائی ستھرائی کے دوران موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے 20 تولہ سونا چوری کیا۔ اس واقعے کا مقدمہ تھانہ رسالہ میں درج کیا گیا تھا۔

ایس ایس پی سٹی کے مطابق گرفتار ملزمہ سے 6 تولہ مسروقہ سونا برآمد کیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ نے چوری شدہ سونا مختلف مراحل میں فروخت کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے ایک سونے کا سیٹ 21 لاکھ 50 ہزار روپے میں حب کے علاقے میں واقع ایک جیولر کو فروخت کیا، جبکہ بعد ازاں مزید 2 لاکھ روپے مالیت کا سونا بھی اسی علاقے میں ایک جیولر کو بیچا گیا۔

تحقیقات کے مطابق ملزمہ نے حاصل ہونے والی رقم سے مواچھ گوٹھ میں ایک گھر بھی خریدا، جبکہ کچھ سونا ایک جیولر کے پاس امانتاً رکھوایا ہوا پایا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمہ گزشتہ چھ ماہ سے متاثرہ گھر میں ملازمت کر رہی تھی اور اسی دوران اس نے واردات کی۔ رسالہ پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ چوری شدہ سونے کی مکمل ریکوری اور اس میں ملوث دیگر افراد کا تعین کیا جا سکے۔

ترجمان ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کے مطابق ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج ہے اور قانون کے مطابق مزید کارروائی جاری ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!