کراچی کے ڈسٹرکٹ ایسٹ میں تھانہ فیروز آباد پولیس اور وفاقی سول حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مضر صحت اشیاء کی تیاری میں استعمال ہونے والی چھالیہ کی سپلائی میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم محمد خان کے قبضے سے 190 بوریاں چھالیہ اور بیٹری کے تیزابی پانی کی بڑی مقدار برآمد کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ مواد غیر قانونی طور پر چھالیہ کو کیمیکل ملا کر مضر صحت اشیاء بنانے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔
کارروائی کے دوران ملزم کے زیر استعمال ٹرک نمبر C-1343 بھی تحویل میں لے لیا گیا، جس کے ذریعے مبینہ طور پر یہ سپلائی مختلف علاقوں تک پہنچائی جاتی تھی۔
پولیس کے مطابق چھالیہ کو تیزاب ملے پانی میں پروسیس کر کے اسے مارکیٹ میں فروخت کے لیے تیار کیا جاتا تھا، جو فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
حکام نے بتایا کہ گرفتار ملزم کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے تاکہ اس نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد اور سپلائی چین کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔
پولیس اور حساس اداروں کا کہنا ہے کہ عوامی صحت کو خطرے میں ڈالنے والے ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
