ہم لاڈلے نہیں‘ ملک کو مسائل سے نکالنے کا فارمولا نوازشریف کے پاس ہے، مریم اورنگزیب

تشکُّر نیوز رپورٹنگ،

8 فروری کو عوام شیر پر مہر لگائیں، پاکستان کے نوجوان کو ایک خوشحال مستقبل ملے گا۔ ن لیگی رہنماء کی میڈیا سے گفتگو

لاہور ( 20 جنوری 2024ء ) مسلم لیگ ن کی رہنماء، سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہم لاڈلے نہیں ہیں، ملک کو مسائل سے نکالنے کا فارمولا نوازشریف کے پاس ہے۔ لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم عدالت کے سامنے اس لیے پیش ہوتے ہیں کیوں کہ ہمیں معلوم ہے یہ مقدمے جھوٹے ہیں لیکن ایک شخص عدالتوں کو جوابدہ نہیں ہونا چاہتا جو لانگ مارچ لایا، جناح ہاؤس پر حملہ کیا، وہ دوسروں پر دہشت گری کا مقدمہ کرتے ہیں، اس شخص کو جنہوں نے لاڈلا بنایا تھا اب وہ بھی خمیازہ بھگت رہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کی رہنماء نے کہا کہ نواز شریف کے پاس غربت، مہنگائی اور لوڈشیڈنگ سے نجات کا فارمولا ہے، 8 فروری کو عوام شیر پر مہر لگائیں گے، جس کے بدلے میں پاکستان کے نوجوان کو ایک خوشحال مستقبل ملے گا۔

 

 

ادھر پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ عوام 8 فروری کو اپنے ووٹوں کے ساتھ فیصلہ کردیں گے کہ پاکستان کا مستقبل کس جگہ پر کھڑا ہوگا، مجھے کوئی شک نہیں کہ 25 کروڑ عوام ملک کی خوشحالی اور ترقی کیلئے اپنا حق استعمال کریں گے، بڑی سمجھ بوجھ کے ساتھ ماضی میں جھانکیں گے اور مستقبل کا نقشہ کھینچیں گے، وہی فیصلہ ہم سب کو قابل قبول ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے، ن لیگی قیادت اور سب مل کر بھرپور انتخابی مہم چلائیں گے، میری نظر میں یہ الیکشن پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کرے گا جیسا کہ آپ نے دیکھا 2017ء میں نوازشریف جو وزیراعظم تھے، ان کی شبانہ روز محنت سے پاکستان ترقی کی طرف تیزی کے ساتھ گامزن تھا، دن رات بجلی اندھیروں کو ختم کرنے کیلئے کام ہورہا تھا، زراعت صنعت کو ترقی دی جارہی تھی، 2017 اور 2018 کے وسط میں لوڈشیڈنگ ختم ہوچکی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!