کراچی (رپورٹر) ایسٹ زون کی سچل پولیس نے اسکیم 33 میں واقع ایک رہائشی مکان میں قائم گٹکا ماوا کی خفیہ فیکٹری پر کامیاب چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ایسٹ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم محمد شفیق عرف وکی ولد عبدالغفار ایک گھر کی آڑ میں گٹکا ماوا تیار کرنے کی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث تھا۔
سعید غنی کی زیر صدارت کے ڈی اے گورننگ باڈی کا اجلاس، متبادل پلاٹس، ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات اور چارٹرڈ آف ڈیمانڈ پر اہم فیصلے
پولیس نے فیکٹری سے بھاری مقدار میں مضر صحت اشیاء، جن میں ایک من سے زائد کٹی ہوئی چھالیہ، دو کلو تمباکو، سات کلو مختلف اقسام کے پاؤڈر، اور 35 کلو سے زائد تیار گٹکا ماوا شامل ہے، قبضے میں لے لیا۔ کارروائی کے دوران ملزم کی جانب سے سپلائی میں استعمال کی جانے والی ہائی روف گاڑی (نمبر CA-9177) کو بھی تحویل میں لے لیا گیا۔
پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے جبکہ اس کے سابقہ کرمنل ریکارڈ سے متعلق معلومات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔