کراچی: ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی کی صدارت میں کرائم میٹنگ کا انعقاد کانفرنس روم، ڈسٹرکٹ سینٹرل میں کیا گیا۔ میٹنگ میں ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور مختلف برانچ انچارجز نے شرکت کی۔
میٹنگ میں ایس ایس پی نے آئی جی سندھ کی جانب سے منشیات کے خلاف دیے گئے احکامات پر مکمل اور سختی سے عملدرآمد کی ہدایات جاری کیں۔ ایس ایس پی ذیشان صدیقی نے ایس ایچ اوز کی 21 دنوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے اسٹریٹ کرائم اور وہیکولر کرائم سے متعلق تازہ اپڈیٹس حاصل کیں۔
ایس ایس پی نے ہدایت کی کہ تمام ایس ایچ اوز ٹیکنیکل بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کو یقینی بنائیں، خاص طور پر ان ملزمان کو جو اسٹریٹ کرائم اور گاڑیوں کی چوری میں ملوث ہیں۔
انہوں نے مفرور اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاریوں میں تیزی لانے، ملزمان سے معیاری انٹیروگیشن کرنے اور شاہین فورس کے مؤثر استعمال پر زور دیا۔
مزید برآں، ایس ایس پی نے پولیو مہم اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں تاکہ شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔