کراچی — کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی ہدایت پر ضلع ساؤتھ اور کیماڑی میں تجاوزات کے خلاف بڑے آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ پچھلے دو دنوں کی رپورٹ کے مطابق یہ کاروائیاں ڈپٹی کمشنر کیماڑی راجہ طارق چانڈیو اور جاوید نبی کھوسو کی نگرانی میں کی گئیں، جن میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے بھی حصہ لیا۔
آپریشنز مختلف اہم مقامات جیسے لی لی روڈ، باتھ آئی لینڈ، شاہراہ عطر عبداللہ شاہ غازی روڈ، پاکستان چوک آرام باغ، صدر موبائل مارکیٹ، فرنچ قونصلیٹ باتھ آئی لینڈ، ریگل چوک، ایمپریس مارکیٹ، بھیم پورہ، مرزا آدم روڈ لیاری اور دیگر علاقوں میں کیے گئے۔ کمشنر نے کہا کہ یہ آپریشن پورے شہر میں جاری رہیں گے اور تجاوزات مافیا کی سرکاری کاموں میں مداخلت پر سخت قانونی کارروائی ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ ایسٹ اور ضلع سینٹرل میں بھی تجاوزات کے خلاف مستقل بنیادوں پر آپریشن جاری ہے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی میں بہتری اور عوام کو ریلیف ملا ہے۔
مزید برآں، ضلع ساؤتھ اور کیماڑی میں عوام کی شکایات پر غیر معیاری آئل استعمال کرنے والی متعدد بیکریز اور دکانوں کو سیل کیا گیا اور جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ کمشنر کراچی نے واضح کیا کہ شہر میں کسی بھی قسم کے غیر معیاری کھانے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ایسے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔