اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کامرہ میں پاک فضائیہ کے آپریشنل بیس کا دورہ کیا اور افواج پاکستان کی جرات، مہارت اور وطن سے وفاداری کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، وزیر دفاع، وزیر اطلاعات، وزیر منصوبہ بندی، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور نیول چیف بھی موجود تھے۔
پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے زیر اہتمام اظہارِ یکجہتی و جشنِ پاکستان ریلی کا انعقاد
وزیراعظم کا ایئر چیف مارشل ذوالفقار احمد بابر سدھو نے پرتپاک استقبال کیا۔ شہباز شریف کو پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں اور حالیہ کامیاب کارروائیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے فرنٹ لائن پر تعینات پائلٹس، انجینئرز اور دیگر اسٹاف سے ملاقات کی اور ان کی بے مثال خدمات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کی جانب سے بھارتی مِراج 2000 طیارے کو پمپورے کے مشرق میں گرایا جانا پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کا واضح ثبوت ہے۔ پاکستان کی افواج نے بغیر اشتعال کے حکمت عملی، تحمل اور طاقتور ردعمل کے ذریعے دشمن کے ارادوں کو خاک میں ملا دیا۔
وزیراعظم نے ایئر چیف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی میں پاک فضائیہ نے جدید ٹیکنالوجی کا کامیاب انضمام کر کے خود کو ایک جدید فورس میں ڈھالا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا فوری، متناسب اور فیصلہ کن جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ ہم سب متحد ہیں اور اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ کا دفاع کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔








