راولپنڈی: پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارت کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے دوران زخمی ہونے والے پاک فوج کے مزید دو جوان ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔
شہید ہونے والوں میں آرمی کے حوالدار محمد نوید اور پاک فضائیہ کے سینئر ٹیکنیشن محمد ایاز شامل ہیں، جو 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ میں شدید زخمی ہو گئے تھے۔ دونوں جوانوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
اس حالیہ واقعے کے بعد پاک افواج کے شہداء کی مجموعی تعداد 13 ہو چکی ہے جبکہ 78 جوان مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر جرات، فرض شناسی اور حب الوطنی کی لازوال مثال قائم کی ہے۔
ترجمان پاک فوج نے شہداء کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، اور ان کا جذبہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ بنے گا۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس غم میں ان کے ساتھ ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ زخمی جوانوں کی مکمل اور جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں اور وطن کی حفاظت میں دی گئی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
بھارتی فوج کی جارحیت نے ایک بار پھر عالمی برادری کے سامنے اس کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خطے میں امن کو داؤ پر لگانے والے رویے کو بے نقاب کر دیا ہے۔ پاک افواج پوری قوت، ہوشیاری اور استقامت کے ساتھ ملک کے دفاع میں مصروف عمل ہیں اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ کی طرح ناکام بناتی رہیں گی۔