جامعہ این ای ڈی میں بھارتی جارحیت کے خلاف اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی، طلبا اور اساتذہ کا جوش و جذبہ قابل دید

جامعہ این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں آج ایک پُرجوش اور ولولہ انگیز ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد بھارتی جارحیت کی مذمت اور افواجِ پاکستان کی بروقت اور مؤثر دفاعی کارروائیوں کی حمایت کرنا تھا۔ اس ریلی کا اہتمام جامعہ کی ایمپلائز ایسوسی ایشن (نیڈیا) نے کیا، جس میں اساتذہ، طلبا، طالبات، اور انتظامی عملے کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔

پاک بحریہ کا جہاز ’حنین‘ عمان کے دورے پر، دوطرفہ مشق میں شرکت

ریلی کی قیادت جامعہ کے قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر نعمان احمد نے کی، جب کہ ترجمان فروا حسن کے مطابق ریلی کا آغاز ابوالکلام لائبریری سے ہوا اور یہ جامعہ کے مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی مرکزی چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت کے جارحانہ رویے اور بزدلانہ حملوں کے خلاف نعرے اور افواجِ پاکستان کی حمایت میں تحریریں درج تھیں۔

وائس چانسلر ڈاکٹر نعمان احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے کی جانے والی مسلسل اشتعال انگیزیاں نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے پاکستانی فضائیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری فضائیہ نے فضا کو دشمن کے ناپاک ارادوں سے پاک کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط اور باہمت ہاتھوں میں ہے، اور پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔

پرووائس چانسلر ڈاکٹر محمد طفیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ جان کر اطمینان اور فخر محسوس ہوا کہ پاک فضائیہ نے بھارتی طیارے مار گرائے، جس سے دشمن کو واضح پیغام گیا کہ پاکستان ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جنگ اب صرف ہتھیاروں کی نہیں، بلکہ سائبر وار کی بھی ہے، اور اس میدان میں بھی پاکستانی نوجوان اور ٹیکنالوجی عالمی سطح پر اپنی برتری ثابت کر رہے ہیں۔

ریلی کے اختتام پر افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی اور فتح کی خوشی میں طلبا کی جانب سے کیک بھی کاٹا گیا، جس سے محبِ وطن جذبے کی ایک خوشگوار فضا قائم ہوئی۔ جامعہ این ای ڈی کے اس اقدام کو سوشل میڈیا پر بھی خوب سراہا گیا، جہاں طلبا اور اساتذہ کی جانب سے افواجِ پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

13 / 100 SEO Score

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!