لاہور: معروف گلوکار اور موسیقار ابرار الحق نے ایک مرتبہ پھر وطن سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے نیا ترانہ "ہم سچے پاکستانی” جاری کر دیا ہے، جسے سوشل میڈیا پر بے حد سراہا جا رہا ہے۔ یہ ترانہ حالیہ دنوں بھارت کے خلاف کامیاب پاکستانی کارروائیوں اور ’معرکہ حق‘ کی روشنی میں جاری کیا گیا ہے، جس میں ابرار الحق نے حب الوطنی کے جذبے کو موسیقی کے رنگ میں ڈھالا ہے۔
مائیک ہیسن پاکستان کے وائٹ بال ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مقرر، عاقب جاوید ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس بن گئے
ابرار الحق، جو ماضی میں بھی اپنے ملی نغموں جیسے "پاکستانی” اور "جے وے پاکستان” سے شہرت حاصل کر چکے ہیں، اس بار بھی اپنے منفرد انداز میں دشمن کو للکارنے اور پاکستانی قوم کے جذبے کو اجاگر کرنے میں کامیاب نظر آتے ہیں۔
ترانے "ہم سچے پاکستانی” میں گلوکار نہ صرف بھارتی جارحیت کو نشانہ بناتے ہیں بلکہ انہوں نے ’آپریشن سندور‘ کا خصوصی حوالہ بھی دیا ہے۔ ایک مصرعہ "شیروں کی ایک ہی دھاڑ میں، سندور گیا تیرا بھاڑ میں” سامعین کو خاصا متاثر کر رہا ہے اور سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے۔
یہ ترانہ 12 مئی کو ابرار الحق کے یوٹیوب چینل پر ریلیز کیا گیا۔ اگرچہ فی الحال اس کی ویڈیو ریلیز نہیں ہوئی، لیکن صرف آڈیو کے ذریعے بھی اسے ہزاروں افراد سن چکے ہیں، اور یہ مسلسل مقبولیت کی منازل طے کر رہا ہے۔
اگرچہ ابرار الحق نے اس ترانے کے شاعر اور موسیقار کا باضابطہ اعلان نہیں کیا، لیکن اندازہ یہی ہے کہ انہوں نے اس کی شاعری اور کمپوزیشن خود ترتیب دی ہے، جیسا کہ ان کے بیشتر سابقہ گانوں میں ہوتا آیا ہے۔
گلوکار نے اس ترانے میں پاکستان کی تینوں مسلح افواج – آرمی، نیوی اور ایئر فورس – کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا ہے، اور ان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے وطن کے تحفظ کے عزم کو دہرایا ہے۔
سیاسی و سماجی حلقوں میں بھی اس ترانے کو خوب پذیرائی مل رہی ہے۔ متعدد سیاستدانوں، دفاعی تجزیہ کاروں اور سماجی شخصیات نے اس ترانے کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے ابرار الحق کے جذبے کو سراہا ہے۔
یہ ترانہ موجودہ ملکی و علاقائی صورتحال میں نہ صرف عوامی حوصلہ بلند کرنے کی ایک کوشش ہے بلکہ موسیقی کے ذریعے قوم کو یکجہتی اور خود اعتمادی کا پیغام بھی دیتا ہے۔