آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کراچی میں سندھ پولیس کے پہلے سرکاری ڈرائیونگ ٹریننگ اسکول کے قیام کے لیے عمارت اور مقام کا انتخاب کرلیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر یہ اسکول پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر کراچی میں شروع کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا کوٹلی ڈسٹرکٹ اسپتال کا دورہ، بھارتی شیلنگ سے زخمی شہریوں کی عیادت
اجلاس میں ڈی آئی جیز برائے ڈرائیونگ لائسنس، ٹی اینڈ ٹی، ایس پی پی یو، اسٹیبلشمنٹ، ہیڈکوارٹرز، فنانس، آئی ٹی، ٹریننگ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس اینڈ ٹریننگ نے منصوبے کے مقام، موجودہ صورتحال اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔
پولیس ٹریننگ کالج سعیدآباد کراچی میں واقع ایک عمارت کو اسکول کے لیے منتخب کیا گیا ہے، جس میں 6 کمرے کلاس رومز اور دیگر ضروری دفاتر کے طور پر استعمال کیے جائیں گے۔ عمارت میں ضروری مرمت اور ساز و سامان کی فراہمی مکمل ہونے کے بعد داخلے اور کلاسز کے آغاز کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
اس تربیتی ادارے میں امیدواروں کو موٹر سائیکل، ایل ٹی وی (لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکل) اور ایچ ٹی وی (ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکل) لائسنس کے حصول کے لیے عملی اور نظریاتی تربیت فراہم کی جائے گی۔
آئی جی سندھ کے مطابق کراچی میں ٹریفک حادثات کی روک تھام اور ڈرائیورز کی پیشہ ورانہ تربیت کو یقینی بنانے کے لیے سندھ پولیس اور دیگر اداروں کے باہمی اشتراک سے اس اسکول کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اقدام سے تربیت یافتہ ڈرائیورز کے لیے لائسنس کے حصول میں سہولت پیدا ہوگی اور وہ ڈرائیونگ کے اصول و ضوابط کے مطابق بہتر انداز میں اپنی خدمات انجام دے سکیں گے۔