وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنگ بندی سے متعلق بیان پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم امریکی صدر کی جنوبی ایشیا میں امن کے لیے کی گئی پیشکش کو سراہتے ہیں۔
ارضِ وطن فاؤنڈیشن کا افواجِ پاکستان اور رینجرز کے ساتھ اظہارِ یکجہتی، ملک گیر عوامی حمایت
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور امریکا عشروں سے قریبی شراکت دار رہے ہیں اور دونوں ممالک نے باہمی مفادات کے تحفظ اور عالمی امن کے لیے مل کر کام کیا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ امریکی صدر پاک-امریکا تزویراتی شراکت کو دوبارہ متحرک کر سکتے ہیں، جس سے نہ صرف تجارت و سرمایہ کاری بلکہ تمام شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ تجارت میں اضافہ کریں گے۔ اگرچہ فی الحال بات چیت نہیں ہوئی، مگر وہ دونوں ملکوں سے تجارتی روابط کو بڑھانا چاہتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر جنگ بندی نہ ہوتی تو لاکھوں بے گناہ افراد مارے جاتے اور خطے میں تباہی پھیلتی۔ انہوں نے پاکستان اور بھارت کی قیادت کی بصیرت، جرات اور بروقت فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سمجھداری اور ہمت قابلِ فخر ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ اس جنگ بندی نے دونوں ممالک کی قیادت کے لیے ایک مثبت تاریخی ورثہ قائم کیا ہے، اور امریکا کو فخر ہے کہ اس فیصلے میں اس نے مدد فراہم کی۔