پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری اور مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ بلال سلیم قادری شامی نے ایم اے جناح روڈ پر مزار قائد کے قریب پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پاکستان کی سالمیت کو چیلنج کیا ہے اور اس کے سنگین نتائج بھگتنے ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی حکومت اور ایجنسیاں پاکستان کے داخلی معاملات میں مداخلت کر رہی ہیں اور دہشت گردوں کو فنڈنگ کے ذریعے انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں، جسے پاکستان کے سیکیورٹی اداروں نے ناکام بنا دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی اشتعال انگیز کارروائیوں میں میزائل اور ڈرون حملے شامل ہیں، جن میں درجنوں پاکستانی شہید ہوئے۔ سنی تحریک نے واضح کیا کہ پاکستان کے دفاع میں افواج پاکستان نے فوری اور موثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی طیارے مار گرائے اور چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا، جس کے بعد بھارتی فوج پسپا ہو گئی۔
انہوں نے اسرائیلی اسلحہ اور ٹیکنالوجی کے استعمال کو بھی قابل مذمت قرار دیا اور کہا کہ بھارت اور اسرائیل مل کر مسلم ممالک کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ سنی تحریک نے اقوام متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ بھارت کے جنگی جرائم پر فوری ایکشن لیا جائے۔ پریس کانفرنس کے بعد بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا اور بھارتی جھنڈا نذر آتش کیا گیا۔