اسلام آباد میں دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ دنیا کو بھارتی جنگی جنون پر تشویش ہونی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پہلگام حملے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں، بھارت نے عالمی برادری کی جانب سے کشیدگی نہ بڑھانے کی اپیلوں کو نظرانداز کیا۔
پاکستان ریلوے کے سی ای او عامر علی بلوچ کا مسلح افواج کے ساتھ تعاون کا عزم، ٹرین آپریشنز جاری رکھنے کی یقین دہانی
ترجمان کے مطابق 7 مئی سے بھارت کی جانب سے پاکستان کے مختلف علاقوں میں جارحیت جاری ہے، جس کے باعث دونوں ایٹمی طاقتیں جنگ کے دہانے پر پہنچ چکی ہیں۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے بغیر ثبوت پاکستان پر الزام تراشی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام واقعے میں بھارت کی جانب سے کوئی واضح ثبوت فراہم نہیں کیے گئے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارت نے پاکستان کے متعدد شہروں پر ڈرون حملے کیے، اور سوال اٹھایا کہ کیا سوشل میڈیا پر بیانات کی بنیاد پر کسی ملک پر حملہ جائز ہے؟ ترجمان نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی "را” کے حاضر سروس ایجنٹ کلبھوشن یادیو کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا، جس سے بھارت کی مداخلت بے نقاب ہوئی۔
انہوں نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت ایسا یکطرفہ فیصلہ نہیں کر سکتا۔ پاکستان ایک زرعی ملک ہے، اور اس اقدام کے اثرات کروڑوں لوگوں پر مرتب ہوں گے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کو نشانہ بنایا گیا، اور ہندو انتہا پسندی کے واقعات میں 40 پاکستانی شہید ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق جوابی کارروائی کا مکمل حق رکھتا ہے اور اس سلسلے میں قومی سلامتی کمیٹی نے مسلح افواج کو مکمل اختیارات دے دیے ہیں۔
پریس بریفنگ کے دوران ترجمان نے بھارتی میڈیا کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا نے منصوبہ بندی کے تحت کشیدگی پیدا کی، اور پروپیگنڈے کے ذریعے خطے میں عدم استحکام کی کوشش کی۔
یاد رہے کہ 22 اپریل 2025 کو پہلگام میں سیاحوں کی ہلاکت کے بعد بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان پر حملے کر کے جنگ چھیڑ دی تھی۔ پاکستان کی مسلح افواج نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 5 جنگی طیارے مار گرائے اور متعدد فوجی چیک پوسٹیں تباہ کیں۔ چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈ لہرا کر بھارتی فوج نے شکست تسلیم کی۔