کھوئی رٹہ سیکٹر، آزاد کشمیر میں بھارتی فوج نے ایک بار پھر بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک نومولود بچی سمیت 4 افراد شہید اور 12 زخمی ہو گئے۔ باغ کے علاقے میں ایک مکان پر بھارتی گولہ گرنے سے ایک نوجوان شہید اور دو بہنیں زخمی ہوئیں۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
Friday 9th May 2025
دوسری جانب پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کی 8 چوکیاں تباہ کر دیں۔ حاجی پیر سیکٹر میں دشمن کی جھنڈا زیارت پوسٹ تباہ کر دی گئی جبکہ پانڈو سیکٹر میں بھارتی بٹالین ہیڈکوارٹرز مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ باغسر میں پاک فوج نے بھارتی کواڈ کاپٹر مار گرایا، جبکہ پناگ شریف میں ایک چھوٹا ڈرون درختوں پر گرا جسے صبح 3 بجے نشانہ بنایا گیا تھا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حاجی پیر میں رِنگ کنٹوئر پوسٹ، پوکران مارٹر، بغھسر، کیلر سیکٹر میں مہیری پوسٹ خالصہ ٹاپ، اور رکھ چکری سیکٹر میں دنا ٹاپ و ماؤنڈ پوسٹ بھی تباہ کر دی گئیں۔ پاک فوج کی جوابی کارروائی سے دشمن کو بھاری نقصان ہوا ہے اور بھارتی فوج شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
22 اپریل کو پہلگام میں سیاحوں کی ہلاکت کے بعد بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب اندھیرے میں پاکستان پر حملہ کر کے جنگ کا آغاز کیا تھا۔ پاکستان کی مسلح افواج نے فوری اور مؤثر جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے مار گرائے اور متعدد چیک پوسٹس تباہ کیں۔ بھارت کو لائن آف کنٹرول پر چورا کمپلیکس میں سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کرنا پڑی۔
قومی سلامتی کمیٹی نے پاک فوج کو جوابی کارروائی کے لیے مکمل اختیارات دے دیے ہیں، اور پاکستان نے دشمن کے ہر حملے کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔