قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بھارتی میڈیا جھوٹ کا سیلاب لایا ہوا ہے، بھارت جس ذلت کا شکار ہوا، اس کے بعد وہ اپنے عوام کو مطمئن کرنے کے لیے جھوٹ بول رہا ہے، بھارت اپنی قوم کو یہ سچ نہیں بتا سکتا کہ ہر محاذ پر اسے شکست ہو رہی ہے۔
بھارتی فوج کی آزاد کشمیر میں بربریت پاک فوج کی جوابی کارروائی میں دشمن کی 8 چوکیاں تباہ درجنوں ہلاکتیں
انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور بھارت کا اتحاد فطری ہے کیونکہ دونوں اسلام دشمن قوتیں ہیں، ان کی دشمنی کسی سے پوشیدہ نہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ ترکیہ اور آذربائیجان جیسے دوست ممالک پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں جبکہ بھارت کے قریبی اتحادی بھی اس کا ساتھ نہیں دے رہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاک فوج لائن آف کنٹرول اور سرحد پر دشمن کا دلیری سے مقابلہ کر رہی ہے، بھرپور جوابی کارروائیاں جاری ہیں۔ حکومت دنیا کے اہم ممالک سے مسلسل رابطے میں ہے، خلیجی ممالک، سعودی عرب، یو اے ای اور چین سے بھی روزانہ کی بنیاد پر بات چیت ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے ہماری اہم عسکری تنصیبات کی لوکیشنز حاصل کرنے کے لیے کیے گئے تھے، مگر جب یہ ڈرونز مناسب فاصلے پر آئے تو ان کو مار گرایا گیا تاکہ ہماری دفاعی پوزیشنز محفوظ رہیں۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ مدارس اور ان کے طلبہ ہمارے دفاع کی ثانوی لائن ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج بہادری سے ملک کا دفاع کر رہی ہیں، قوم کو مطمئن رہنا چاہیے، ہم اپنے دفاع کے لیے دو سو فیصد تیار ہیں۔