کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارت کے حملے کے خلاف ناظم آباد ٹاؤن کی جانب سے رضویہ چورنگی پر ایک زبردست مزاحمتی احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ بھارت کی جانب سے پاکستان پر کیے جانے والے جارحانہ اور بزدلانہ حملے کے خلاف آج ناظم آباد ٹاؤن کے چیئرمین سید محمد مظفر کی قیادت میں یہ احتجاج کیا گیا، جس میں ڈسٹرکٹ سینٹرل کے تمام ٹاؤنز بشمول نارتھ ناظم آباد، گلبرگ، اور لیاقت آباد کے چیئرمینز نے شرکت کی۔
احتجاج میں ناظم آباد کے وائس چیئرمین محمد نعمان صدیقی، لیاقت آباد ٹاؤن کے وائس چیئرمین اسحاق تیموری، میونسپل کمشنر ناظم آباد ٹاؤن اطہر سعد خان، اور مذہبی رہنما آصف قادری بھی موجود تھے۔
شرکاء نے بھارت کی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ پاکستان کی خودمختاری، سالمیت اور امن پر حملہ ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ احتجاج کے دوران مختلف پلے کارڈز اور بینرز اُٹھائے گئے جن پر "ہم ایک قوم ایک آواز”، "پاکستان زندہ باد”، اور "بھارت کے بزدلانہ حملوں کا منہ توڑ جواب” جیسے نعرے درج تھے۔
چیئرمین سید محمد مظفر نے اپنے خطاب میں کہا کہ "ہم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں، تم ہمیں شکست نہیں دے سکتے۔ الحمدللہ ہم اپنی فوج کے پیچھے ہیں۔” دیگر ٹاؤن چیئرمینز نے اپنے خطابات میں کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے اور بھارت کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے متحد ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی اس اشتعال انگیزی کا نوٹس لے اور اس پر سخت اقدامات کرے۔ احتجاج کا اختتام ملک و ملت کی سلامتی، افواجِ پاکستان کی کامیابی، اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا پر ہوا۔