کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے ڈی آئی جی ٹریفک کے ہمراہ کراچی پریس کلب میں سڑکوں پر احتیاطی تدابیر اور ہیلمٹ کے استعمال کے حوالے سے آگاہی مہم کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ یہ تقریب چیف CPK مراد علی سونی اور کراچی پریس کلب کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔
اس مہم کا مقصد شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی، روڈ سیفٹی اور ہیلمٹ کے لازمی استعمال کے بارے میں آگاہ کرنا تھا تاکہ حادثات کی روک تھام کی جا سکے اور انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ تقریب کے دوران 200 سے زائد ہیلمٹس اور بائیک کے سائیڈ شیشوں کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مراد سونی اور ان کی ٹیم کی جانب سے کراچی کے مختلف علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور 16 تھانوں میں قائم کنٹرول رومز کی بدولت جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک حادثات سے نمٹنے کے لیے واضح حکمت عملی مرتب کی گئی ہے اور اس مقصد کے لیے ایک ایڈوائزری کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے جس کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنا جان لیوا ثابت ہو رہا ہے، اس لیے اس کے استعمال کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بتایا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران جرائم کی شرح میں کمی آئی، تاہم ٹریفک حادثات کی باقاعدہ رپورٹنگ کی گئی ہے، اور ریکارڈ کے مطابق 58 فیصد حادثات میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوئے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے زیبرا کراسنگ کے منصوبے پر کام جاری ہے، جس سے پیدل چلنے والوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
تقریب کے اختتام پر مراد علی سونی نے پولیس افسران اور صدر کراچی پریس کلب کو اعزازی شیلڈز پیش کیں۔