انٹر میلان نے چیمپیئنز لیگ کے سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے میں شاندار انداز میں کم بیک کرتے ہوئے بارسلونا کو 3-4 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ اضافی وقت میں ڈیوڈے فراٹیسی کے یادگار گول نے ٹیم کو فتح دلائی، جب کہ فرانسسکو ایسربی نے 90ویں منٹ میں برابری کا گول کر کے انٹر کو بچا لیا۔
رونالڈو کی میراث کا تسلسل کرسٹیانو جونیئر پرتگال انڈر 15 ٹیم کا حصہ بن گئے
میچ کا آغاز انٹر میلان کی زبردست برتری سے ہوا، جب لاوٹارو مارٹینز نے 21ویں منٹ میں گول کیا، اس کے بعد ہاکان کلہانوگلو نے وی اے آر کے ذریعے ملنے والی پنالٹی پر گول داغ کر سبقت دگنی کر دی۔
دوسرے ہاف میں بارسلونا نے کم بیک کیا اور ایرک گارسیا اور دینی اولمو کے گولز سے میچ برابر کر دیا۔ رافینہا نے 87ویں منٹ میں بارسا کو برتری دلائی، لیکن ایسربی نے آخری لمحات میں گول کر کے میچ کو اضافی وقت میں پہنچا دیا۔
اضافی وقت میں مارکس تھورام کے زبردست اسسٹ پر فراٹیسی نے فیصلہ کن گول کیا اور انٹر کو 7-6 کی مجموعی برتری سے فتح دلائی۔ گول کیپر یان سومر نے بارسلونا کے کم عمر اسٹار لامین یامل کی خطرناک کوششوں کو روک کر شاندار کارکردگی دکھائی۔
انٹر اب فائنل میں پیرس سینٹ جرمین یا آرسنل سے مقابلہ کرے گا۔ دوسری جانب بارسلونا ٹریبل کی امیدوں سے ہاتھ دھو بیٹھا ہے اور اب وہ لا لیگا پر توجہ مرکوز کرے گا۔