کراچی میں کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ نے ایک بڑی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 14000 کلوگرام 🫏 گدھوں کی کھالیں ضبط کر لیں، جنہیں چمڑے کی مصنوعات ظاہر کر کے چین برآمد کیا جا رہا تھا۔
کیٹی بندر میں سمندر بچاؤ بند ٹوٹنے سے تباہی، درجنوں گھر زیر آب، سینکڑوں افراد محصور
ترجمان کسٹمز کے مطابق یہ کارروائی ساوتھ ایشیا پاکستان پورٹ (SAPT) ٹرمینل پر کی گئی، جہاں رسک مینجمنٹ پروفائلنگ سسٹم پر تعینات عملے نے میسرز Wow Trading کی جانب سے ایکسپورٹ کلکٹریٹ کے گرین چینل سے کلیئر کردہ کنٹینر نمبر SEGU-3154225 کو روک کر تلاشی لی۔
کنٹینر کی برآمدی دستاویزات میں 285 پیکجز چمڑے کی مصنوعات ظاہر کیے گئے تھے، تاہم انفورسمنٹ کلکٹریٹ کے اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن (ASO) نے باریک بینی سے جانچ کے بعد ان مصنوعات کی آڑ میں ممنوعہ گدھوں کی کھالیں برآمد کر لیں۔
کسٹمز حکام کے مطابق:
ضبط شدہ کھالوں کا مجموعی وزن 14000 کلوگرام ہے۔
ان کی بازاری مالیت تقریباً 8 کروڑ روپے (80 ملین روپے) ہے۔
یہ کھالیں حکومتِ پاکستان کی ایکسپورٹ پالیسی کے تحت ممنوعہ اشیاء میں شامل ہیں۔
ضبط شدہ کھالوں کو فوری طور پر کسٹمز کی تحویل میں لیتے ہوئے ASO گودام منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ برآمد کنندہ کے خلاف کسٹمز ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔
کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی جناب معین الدین وانی نے اس کامیاب کارروائی پر عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیت، مستعدی اور فرض شناسی کو سراہا اور انہیں شاباش دی۔