قائدآباد تھانے کی پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے لاپتہ ہونے والے 4 سالہ کمسن بچے عاطف علی کو بازیاب کر کے والدین کے حوالے کر دیا۔
پولیس کے مطابق بچہ گھر کے باہر سے اچانک لاپتہ ہو گیا تھا، جس پر والدین نے فوری طور پر تھانہ قائدآباد سے رابطہ کیا۔ پولیس نے معاملے کی حساسیت کو مدِنظر رکھتے ہوئے فوری ایکشن لیا۔
خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ بچہ علی گوٹھ کے کچے علاقے میں موجود ہے۔ ایس ایچ او قائدآباد کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچے کو بحفاظت بازیاب کر لیا۔
تمام ضروری قانونی و شناختی تصدیق کے بعد بچہ والدین کے حوالے کر دیا گیا۔ والدین نے ملیر پولیس کی بروقت اور کامیاب کارروائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے قابلِ تحسین قرار دیا۔