سی ٹی ڈی انٹیلی جنس ونگ نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث گروہ کے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک ڈبل کیبن گاڑی، ہتھکڑیاں، مغویوں کے موبائل فونز، واکی ٹاکی، اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔
پاکستانی ایئر فورس کی بروقت کارروائی، بھارتی رافیل طیارے سرحدی حدود سے فرار ہونے پر مجبور
پولیس کے مطابق، ملزمان نے ڈبل کیبن گاڑی پر جعلی سرکاری نمبر پلیٹ لگا رکھی تھی اور وہ خود کو ایف آئی اے اور سی ٹی ڈی اہلکار ظاہر کر کے وارداتیں کرتے تھے۔ دوران تفتیش ملزمان نے 13 اپریل کو پی آئی بی کالونی سے ایک شخص کو اغوا کرنے کا اعتراف کیا۔ ملزمان نے مغوی کو اسٹیل ٹاؤن لے جا کر بٹ کوائن کے حوالے سے معلومات حاصل کیں اور مغوی کا قیمتی موبائل فون چھین کر ملیر میں چھوڑ دیا۔
مزید تحقیقات سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ ملزمان نے 20 اپریل کو سول لائن سے ایک اور شخص کو اغوا کیا اور اسے اسٹیل ٹاؤن کے گودام میں قید کر لیا۔ اس دوران انہوں نے مغوی کے بینک اکاؤنٹ سے پانچ لاکھ روپے نکلوائے اور پھر مغوی کو طارق روڈ پر چھوڑ دیا۔
انچارج سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ملزمان نے اورنگی ٹاؤن میں بھی خود کو کسٹم افسر ظاہر کر کے ایک فیکٹری مالک سے سات لاکھ روپے بھتہ وصول کیا۔