بدھ کے روز صبح 11 بج کر 26 منٹ پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی دیکھنے میں آئی، جہاں کے ایس ای 100 انڈیکس 3,679 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 111,192 پوائنٹس پر آ گیا۔ گزشتہ روز انڈیکس 114,872 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
پاکستان کی فضائی کارروائی، بھارتی رافیل طیارے پسپا، خطے میں کشیدگی میں اضافہ
ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں اس بھاری گراوٹ کی بڑی وجہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی ہے۔ ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے سی ای او محمد سہیل نے کہا کہ آئندہ دنوں میں ممکنہ بھارتی
حملے کی خبروں نے سرمایہ کاروں میں بے یقینی پیدا کر دی ہے۔
اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ اویس اشرف نے بھی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کی پریس بریفنگ کے بعد حالات مزید غیر یقینی ہوگئے ہیں، جس میں انہوں نے بھارت کی ممکنہ فوجی کارروائی کی نشاندہی کی تھی۔
چیز سیکیورٹیز کے یوسف ایم فاروق نے کہا کہ مارکیٹ پر وزیر اطلاعات کے اس بیان کا دباؤ ہے کہ بھارت اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں پاکستان کے خلاف کارروائی کر سکتا ہے۔ اسی طرح، عارف حبیب لمیٹڈ میں ریسرچ کی سربراہ ثنا توفیق نے بھی کہا کہ مارکیٹ کی گراوٹ کا بنیادی سبب بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری سیاسی تناؤ ہے۔
وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے رات گئے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ قابل اعتماد انٹیلی جنس رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت، پہلگام حملے کے بعد، پاکستان کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان، بھارت کے خود ساختہ مدعی اور منصف بننے کے رویے کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔