کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر اور وزیر بلدیات سندھ، سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام کے دیرینہ مسئلے یعنی کینالز کے معاملے پر پارٹی کی کامیاب جدوجہد اور صدر آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ کی شب و روز محنت کے اعتراف میں یکم مئی کو ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جو شام 6 بجے ٹاور سے سندھ اسمبلی چوک تک نکالی جائے گی۔ اس ریلی کا مقصد نہ صرف محنت کشوں سے اظہار یکجہتی ہے بلکہ بھارتی جارحیت کے خلاف قومی یکجہتی اور سندھ کے عوام کی قربانیوں کا اعتراف بھی ہے۔
یہ اعلان سعید غنی نے پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے اہم اجلاس کی صدارت کے دوران کیا، جس میں پارٹی کے سینیئر رہنماؤں، ذیلی تنظیموں، خواتین ونگ، لیبر ونگ، اور تمام اضلاع کے صدور و سیکریٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں سندھ کے عوام کے حقوق کے تحفظ، بھارتی جارحیت کے خلاف قومی موقف، اور سینیئر رہنما سینیٹر تاج حیدر کی سیاسی خدمات کو سراہتے ہوئے تین متفقہ قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔
سعید غنی نے مزید کہا کہ 24 مئی کو کراچی میں ایک بڑا عوامی جلسہ منعقد کیا جائے گا، جس سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔ یہ جلسہ سندھ بھر سے آئے ہوئے عوام کی شرکت سے بھرپور ہوگا اور اس میں پارٹی کی عوامی مقبولیت اور تنظیمی قوت کا عملی مظاہرہ کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی نے کینالز کے مسئلے کو سنجیدگی سے حل کیا ہے، لیکن اپوزیشن اس کامیابی کو تسلیم کرنے سے گریزاں ہے۔ اس موقع پر اجلاس کے آغاز میں شہید ذوالفقار علی بھٹو، محترمہ بینظیر بھٹو، شہید عامر بھٹو، منیرہ شاکر کے شوہر، اور سینیٹر تاج حیدر سمیت دیگر کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
اجلاس میں پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما اور جنرل سیکریٹری وقار مہدی کو سینیٹ کا ٹکٹ ملنے پر مبارکباد دی گئی، جبکہ کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری جاوید ناگوری نے کہا کہ پارٹی نے کینالز کے حوالے سے ایک بڑی سازش کو ناکام بنایا، جس کی بدولت سندھ کے عوام ہی نہیں بلکہ پورا ملک سرخرو ہوا۔
مزید برآں، پیپلز لیبر بیورو کراچی ڈویژن کے صدر اسلم سموں نے بتایا کہ 30 اپریل بروز بدھ شام 5 بجے، آرٹس کونسل کراچی میں یوم مئی کے موقع پر مزدوروں کے اعزاز میں ایک جلسہ منعقد کیا جائے گا، جس سے لیبر رہنما اور پارٹی قائدین خطاب کریں گے۔