کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متنازعہ کینالوں کا دیرینہ مسئلہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی انتھک محنت اور مؤثر حکمت عملی کے باعث مکمل طور پر حل ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2 مئی کو مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے آفیشل اجلاس کے بعد یہ معاملہ باضابطہ طور پر ہمیشہ کے لیے بند کر دیا جائے گا، جس سے ایک بڑی رکاوٹ کا خاتمہ ہوگا۔
Water War Begins: Pakistan Strikes Back | India’s Silent Aggression Exposed | Kashmir Solidarity
شرجیل میمن نے تمام سیاسی جماعتوں اور وکلاء برادری سے اپیل کی کہ سڑکوں پر جاری دھرنوں کو ختم کیا جائے اور فوری طور پر راستے کھول کر گڈز ٹرانسپورٹ کی روانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مزید مالی اور معاشی نقصان سے بچا جا سکے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ سڑکوں کی بندش سے عوام، مال مویشیوں کی نقل و حمل، امپورٹ ایکسپورٹ کے شعبے، کسانوں اور غریب طبقات کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر دھرنے مکمل طور پر ختم نہ بھی کیے جائیں تو کم از کم سڑکوں کو ٹریفک کے لیے کھلا رکھا جائے تاکہ روزمرہ زندگی متاثر نہ ہو۔ انہوں نے زور دیا کہ احتجاج کو پرامن دائرے میں رکھا جائے تاکہ شہریوں کی معمولاتِ زندگی بحال ہو سکیں۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ حکومت سندھ تمام سیاسی جماعتوں اور وکلاء برادری کے ساتھ رابطے میں ہے اور ہر فریق سے مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے سیاسی قیادت اور وکلاء برادری سے درخواست کی کہ وہ شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں تاکہ صورتحال مزید خراب نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ ہم سب سمجھداری اور بردباری کا مظاہرہ کریں اور قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے فیصلے کریں۔