وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور ورلڈ بینک گروپ کے موسم بہار 2025 کے اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا روانہ ہوگئے ہیں۔ یہ اجلاس پیر 21 اپریل سے ہفتہ 26 اپریل تک جاری رہے گا۔
ریڈیو جوکی، ماڈل و میزبان انوشے اشرف رشتۂ ازدواج میں منسلک
دورے کے دوران محمد اورنگزیب امریکی محکمہ خزانہ، محکمہ خارجہ، چین، برطانیہ، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خزانہ و دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں معاشی تعاون، مالیاتی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے امور زیر بحث آئیں گے۔
وزیر خزانہ عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کریں گے اور پاکستان کی مالی و معاشی حکمت عملی پر گفتگو کریں گے۔ اس دوران وہ عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں، کمرشل اور سرمایہ کار بینکوں کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔
محمد اورنگزیب مختلف سرمایہ کاری فورمز اور سیمینارز میں شرکت کریں گے جہاں وہ پاکستان کی معاشی صورتحال، جاری اصلاحات اور مستقبل کی حکمت عملی پر روشنی ڈالیں گے۔ وہ موسمیاتی اقدام کے لیے قائم وزرائے خزانہ کے اتحاد کی 13ویں وزارتی نشست میں بھی شرکت کریں گے۔
وزیر خزانہ جیفریز انٹرنیشنل کے تحت ایک گول میز نشست میں "پاکستان کے معاشی منظرنامے، مالی و مالیاتی پیش رفت، اصلاحات اور آئی ایم ایف سے روابط” پر گفتگو کریں گے۔ اسی طرح وہ سینٹر فار گلوبل ڈیولپمنٹ (CGD) کی نشست میں پاکستان میں جاری اصلاحات اور مستقبل کے چیلنجز پر بھی خطاب کریں گے۔
مزید برآں، وزیر خزانہ گیٹس فاؤنڈیشن کی عالمی پالیسی وکالت کی صدر گارجی گوش اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی مشیر و G20 مالی شمولیت کی اعزازی سرپرست، نیدرلینڈز کی ملکہ میکسما سے بھی ملاقات کریں گے۔
اس دورے میں محمد اورنگزیب امریکا کے اہم تھنک ٹینکس کا بھی دورہ کریں گے، جہاں وہ اٹلانٹک کونسل میں "سال 2025 اور مستقبل میں پاکستان کی معیشت کو درپیش چیلنجز اور مواقع” پر خطاب کریں گے۔ وہ امریکی و بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔