کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں سندھ کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکریٹری اور متعلقہ سیکریٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں مجموعی طور پر 42 ایجنڈا آئٹمز پر غور کیا گیا، جن پر اہم فیصلے بھی کیے گئے۔
مستونگ میں دہشتگردی کا وار: بلوچستان کانسٹیبلری پر حملہ، 3 اہلکار شہید، 16 زخمی
کابینہ نے سب کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں مختلف شعبوں میں ترقیاتی، فلاحی اور حفاظتی منصوبوں کی منظوری دی۔ کیڈٹ کالج پٹارو کو 200 ملین روپے کی گرانٹ دی گئی، جس میں سے 100 ملین گرانٹ ان ایڈ اور 100 ملین انڈومنٹ فنڈ کے طور پر منظور کیے گئے۔ علاوہ ازیں کیڈٹ کالج کرم پور کے لیے طلبہ کی سہولت کے تحت 16.5 ملین روپے سے ہینو بس خریدنے کی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے کھیلوں کے فروغ کے لیے نیشنل باکسنگ چیمپئن شپ 2025 کے لیے 20 ملین روپے جبکہ ثقافتی سرگرمیوں کے لیے لاہوتی میلو کے انعقاد کے لیے 50 ملین روپے کی منظوری دی۔
زراعت اور آبی نظام کی بہتری کے لیے جیکب آباد شہر کے سامنے واقع ہرڈن لفٹ بینک (آر ڈی 65 تا 116) کی مضبوطی کے لیے 996 ملین روپے منظور کیے گئے۔
صحت کے شعبے میں بھی بڑی پیش رفت ہوئی، جہاں کراچی کے کڈنی سینٹر کو 500 ملین روپے کی ون ٹائم گرانٹ دی گئی تاکہ وہاں 15 بیڈڈ آئی سی یو کی تعمیر اور پیشنٹ کیئر ایریا کی مرمت کی جا سکے۔ سندھ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیزز (SICVD) کو بھی 300 ملین روپے کی گرانٹ دی گئی۔
کابینہ نے سندھ ہیبچوئل افنڈرز مانیٹرنگ رولز 2025 کی منظوری دی، جو کہ سندھ ہیبچوئل افنڈرز مانیٹرنگ ایکٹ 2023 کے تحت بنائے گئے ہیں۔ اس کے تحت اسٹریٹ کرمنلز اور عادی مجرموں کو انکلیٹ/بریسلیٹ پہنائے جائیں گے تاکہ ان کی نگرانی ممکن ہو۔
انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے بھی اہم قدم اٹھایا گیا۔ کابینہ نے "سینٹر فار ایکسیلنس آف کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم ایکٹ 2025” کی منظوری دی، جس کے تحت محکمہ داخلہ سندھ میں ایک نیا سینٹر قائم کیا جائے گا۔ یہ سینٹر فیٹف کے تحت ورکنگ گروپوں اور دیگر اداروں کو تکنیکی اور تجزیاتی معاونت فراہم کرے گا۔ اس کا کام آن لائن انتہا پسندی، نفرت انگیز تقاریر، افواہ سازی اور نوجوانوں کی برین واشنگ کے خلاف مؤثر حکمت عملی تیار کرنا ہوگا۔
یہ سینٹر نہ صرف سرکاری و غیر سرکاری ماہرین سے روابط قائم کرے گا بلکہ ورکشاپس، سیمینارز اور تربیتی پروگراموں کے ذریعے نوجوانوں، خواتین، اقلیتوں اور دیہی افراد کو معاشی و سیاسی دھارے میں شامل کرنے کے لیے بھی کردار ادا کرے گا۔
آخر میں کابینہ نے سرفراز راجڑ کو سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کا وائس چیئرمین مقرر کرنے کی منظوری بھی دی۔