مستونگ – بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ایک بار پھر دہشتگردی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں دشت روڈ پر بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکاروں کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں 3 اہلکار شہید اور 16 زخمی ہوگئے۔
کراچی میں تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن: ضلع وسطی سے شروعات، دیگر علاقوں تک توسیع کا اعلان
بلوچستان حکومت کے ترجمان کے مطابق، یہ دھماکا ایک موٹرسائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بارودی مواد کے ذریعے کیا گیا۔ دھماکے کا ہدف وہ ٹرک تھا جس میں بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار ڈیوٹی مکمل کرنے کے بعد واپس جا رہے تھے۔
ریسکیو اور تحقیقاتی کارروائیاں
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ شہداء اور زخمی اہلکاروں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ شدید زخمیوں کو کوئٹہ ریفر کیا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق، زخمیوں میں دو اہلکاروں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور واقعے کی رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے۔
امن دشمن عناصر کی سازش
بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز پر اس نوعیت کے حملے امن عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار دیے جا رہے ہیں۔ سیکیورٹی ادارے اس حملے کو دہشتگردی کی کارروائی قرار دے رہے ہیں، اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔