گزشتہ برس کے مقبول ڈرامہ "کبھی میں، کبھی تم” میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ نعیمہ بٹ ایک ٹی وی شو میں شریک ہوئیں جہاں اُن کی جانب سے ساتھی اداکارہ ہانیہ عامر کو نہ پہچاننے پر خاصی تنقید کی جا رہی ہے۔
پاکستان ویمنز ٹیم کی شاندار فتح: ویسٹ انڈیز کو 65 رنز سے شکست، سدرہ امین پلیئر آف دی میچ قرار
اے آر وائے نیوز کے ایک اسپورٹس شو میں شرکت کے دوران ایک دلچسپ سیگمنٹ میں مہمانوں کو چیٹ جی پی ٹی کے جیبلی اسٹوڈیو میں تیار کردہ مختلف مشہور شخصیات کی تصاویر دکھائی گئیں اور انہیں پہچاننے کا چیلنج دیا گیا۔
اس سیگمنٹ میں جب ہانیہ عامر کی مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے تیار کی گئی تصویر سامنے آئی تو نعیمہ بٹ انہیں پہچاننے میں ناکام رہیں، حالانکہ پروگرام میں شریک دیگر مہمان فوراً اداکارہ کو پہچان گئے۔ اس موقع پر میزبان وسیم بادامی نے نہ صرف حیرت کا اظہار کیا بلکہ نعیمہ کو یاد دلایا کہ وہ ہانیہ کے ساتھ ایک مکمل ڈرامے میں کام کر چکی ہیں۔
وسیم بادامی نے برجستہ کہا:
"کمال ہے! آپ ہانیہ عامر کو نہیں پہچانتیں، جن کے ساتھ آپ نے ڈراما کیا؟”
اس پر نعیمہ بٹ کا مؤقف تھا کہ:
"کسی کے ساتھ ڈرامے میں کام کرنے کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ آپ اسے جانتے بھی ہوں۔”
سیگمنٹ کے دوران نعیمہ بٹ نے شہزاد رائے کی جیبلی اسٹوڈیو سے تیار کی گئی تصویر کو بھی "برا” قرار دیا اور کہا کہ AI نے ان کی آنکھیں، ناک اور ہونٹ ہی غلط بنائے ہیں، جس پر دیگر مہمانوں نے بھی اتفاق کیا۔
تاہم سوشل میڈیا صارفین نعیمہ بٹ کے اس رویے سے خوش نہیں دکھائی دیے۔ خاص طور پر ہانیہ عامر کو نہ پہچاننے اور پھر ان کے بارے میں "نہیں جانتی” کہنے پر صارفین نے خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔ کئی صارفین نے طنز کیا کہ "نعیمہ بٹ ابھی تک ‘کبھی میں، کبھی تم’ کے کردار سے باہر نہیں نکلی ہیں!”
ایک صارف نے لکھا:
"اگر ہانیہ عامر کو نہیں جانتیں تو پھر ڈرامے میں ان کے ساتھ اتنی زبردست کیمسٹری کیسے دکھائی؟”
یہ واقعہ ایک بار پھر یہ سوال اٹھاتا ہے کہ شوبز کی چمکتی دمکتی دنیا کے پیچھے اصل تعلقات اور شناسائی کتنی گہری ہوتی ہے، یا محض کام تک محدود۔