کراچی: وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے شارع بھٹو، کورنگی کازوے اور دیگر منصوبوں کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پروجیکٹ ڈائریکٹرز کو ہدایت دی کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں تمام منصوبوں کی مکمل تفصیلی رپورٹ مرتب کرکے جمع کروائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں لاگت، پی سی-ون، پی اینڈ ڈی کی منظوری سمیت تمام اہم پہلوؤں کو شامل کیا جائے۔ اجلاس میں شارع بھٹو فیز ٹو، کورنگی کازوے کے نیچے سے بننے والے راستے، انڈس اسپتال کے لیے ریمپ، اور نئے انٹرچینج جیسے اہم ترقیاتی نکات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری سید خالد حیدر شاہ، اسپیشل سیکریٹری ٹیکنیکل عبدالغنی شیخ، پروجیکٹ ڈائریکٹر شارع بھٹو نیاز احمد سومرو اور پروجیکٹ ڈائریکٹر میگا پروجیکٹ آفتاب چانڈیو سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔
سعید غنی نے کہا کہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل سے نہ صرف عوامی سہولیات میں اضافہ ہوگا بلکہ شہر میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اور ہیوی گاڑیوں کے غیر ضروری داخلے کو روکنے میں بھی مدد ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ شارع بھٹو کے ذریعے قائدآباد تک صرف 11 منٹ میں سفر ممکن ہوگا، جو عوام کے وقت اور ایندھن دونوں کی بچت کرے گا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ شارع بھٹو فیز ٹو کا افتتاح اس ماہ کے آخر یا اگلے ماہ کے پہلے ہفتے میں ممکن ہے۔
مزید یہ کہ ان منصوبوں میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی خصوصی دلچسپی شامل ہے۔
Media error: Format(s) not supported or source(s) not found
فائل ڈاؤن لوڈ کریں: https://tashakurnews.com/wp-content/uploads/2025/04/WhatsApp-Video-2025-04-08-at-6.47.53-PM.mp4?_=1