عیدالفطر 2025 سندھ بھر میں سخت سیکیورٹی پلان ترتیب دینے کے احکامات

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ عیدالفطر 2025 کے لیے امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے جامع اور مربوط سیکیورٹی پلان ترتیب دیا جائے۔ پولیس رینج کی سطح پر حکمت عملی کو مضبوط بنانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ تمام سیکیورٹی امور کو مؤثر طریقے سے نافذ کیا جا سکے۔
اسٹیل ملز کے ملازمین کا دھرنا، حکومت اور انتظامیہ کے خلاف احتجاج

وزیر داخلہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے درمیان قریبی روابط کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام مرکزی مساجد، امام بارگاہوں، عید گاہوں اور دیگر مقامات جہاں نماز عید کے اجتماعات ہوں گے، وہاں فول پروف سیکیورٹی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ علاوہ ازیں، آغاخانی، بوہری، اور اسماعیلی عبادت گاہوں سمیت تمام عوامی مقامات، شاپنگ سینٹرز، عید بازاروں، ریلوے اسٹیشنوں اور بس ٹرمینلز پر بھی سخت حفاظتی انتظامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت دی کہ عید کے موقع پر گشت کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے، جس میں موبائل اور موٹر سائیکل گشت کو بڑھایا جائے، تاکہ نماز عید کے اجتماعات اور حساس مقامات کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جا سکے۔ تھانوں کی سطح پر سرویلنس ٹیموں کی تشکیل اور ان کی تعیناتی کو بھی منصوبے کا حصہ بنایا جائے گا، جو شاپنگ سینٹرز، پارکنگ لاٹس اور دیگر پبلک مقامات کی نگرانی کریں گی۔

وزیر داخلہ سندھ نے مزید کہا کہ ضلعی ایس ایس پیز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مذہبی و سیاسی شخصیات کے تعاون سے قابل اعتراض وال چاکنگ، پوسٹرز، پمفلٹس اور اشتعال انگیز لٹریچر کی تقسیم کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔

سیکیورٹی پلان کے تحت پولیس رینج کی سطح پر مرکزی کنٹرول رومز قائم کیے جائیں گے جو عیدالفطر کے تینوں دن سیکیورٹی صورتحال کی مسلسل نگرانی کریں گے اور پولیس وائرلیس کنٹرول رومز سے مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے سیکیورٹی کو مزید سخت اور مؤثر بنائیں گے۔

One thought on “عیدالفطر 2025 سندھ بھر میں سخت سیکیورٹی پلان ترتیب دینے کے احکامات

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!