یومِ پاکستان: صدر مملکت آصف علی زرداری کا وطن کے دفاع کا عزم

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھارت ہمیشہ پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھتا ہے، لیکن مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اندرونی اور بیرونی دہشت گردی کا بھرپور مقابلہ کیا ہے اور ففتھ جنریشن وار فیئر ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے، جس کا سامنا عوام اور افواجِ پاکستان مل کر کریں گے۔

ملک بھر میں یومِ پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

یومِ پاکستان کی مرکزی تقریب سے خطاب میں صدر زرداری نے کہا کہ ایک ایسا پاکستان بنانا ہے جو مضبوط، ترقی یافتہ اور خوشحال ہو۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ تمام توانائیاں ملکی ترقی کے لیے وقف کریں، کیونکہ اگرچہ سفر مشکل ہے، مگر ناممکن نہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اندرونی اور بیرونی سازشوں کے باوجود ترقی کے سفر کو جاری رکھے گا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم اور مسلح افواج کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم باہمت ہے اور چیلنجز پر قابو پانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ففتھ جنریشن وار فیئر کے ذریعے نوجوان نسل میں نفرت اور مایوسی پھیلانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، مگر دشمن اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوگا۔ انہوں نے فتنہ الخوارج اور دہشت گرد تنظیموں کے ناپاک منصوبے ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کا اصل مقصد ایک جدید اسلامی فلاحی ریاست کا قیام ہے۔ انہوں نے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل ہوئی اور ہم ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

انہوں نے یومِ پاکستان کے موقع پر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کی۔ صدر زرداری نے عالمی برادری پر زور دیا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دیا جائے۔

غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر بات کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ نہتے فلسطینیوں پر مظالم ناقابلِ برداشت ہیں اور عالمی برادری کو فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔

One thought on “یومِ پاکستان: صدر مملکت آصف علی زرداری کا وطن کے دفاع کا عزم

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!