ضلع کیماڑی میں اینٹی اسٹریٹ کرائم سیل نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے میوہ شاہ کے علاقے سے انتہائی مطلوب چار رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کے مطابق، ملزمان کے قبضے سے پاک کالونی سے چوری کی گئی دو موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔
گرفتار ملزمان کی شناخت فاروق، حیدر، یاسر، اور زوہیب کے ناموں سے ہوئی ہے، جو شہر بھر میں موٹر سائیکل چوری اور ان کے اسپئیر پارٹس فروخت کرنے میں ملوث تھے۔
گروہ کی گرفتاری انچارج اینٹی اسٹریٹ کرائم سیل، سب انسپکٹر راجہ خالد کی سربراہی میں کی گئی۔ برآمدہ موٹر سائیکلیں درج ذیل مقدمات میں چوری شدہ تھیں:
مقدمہ نمبر 116/25، دفعہ 381A، تھانہ پاک کالونی
مقدمہ نمبر 521/24، دفعہ 381A، تھانہ پاک کالونی
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ گرفتار ملزمان اس سے قبل بھی مختلف جرائم میں گرفتار ہوکر جیل جا چکے ہیں۔ ان کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں، جن میں چوری، اسلحہ رکھنے، ڈکیتی، اور قتل جیسے الزامات شامل ہیں۔
مزید تفتیش کے لیے ملزمان کو اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کے حوالے کر دیا گیا ہے۔