کراچی: وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی صدارت میں امن و امان کی موجودہ صورتحال اور سیکیورٹی اقدامات پر اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں آئی جی سندھ نے رمضان المبارک کے دوران اور خاص طور پر یوم شہادت حضرت علیؑ کے موقع پر کیے جانے والے سیکیورٹی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
عدالت نے بحریہ ٹاؤن مکینوں کی ٹول ٹیکس کے خلاف درخواست مسترد کر دی
وزیر داخلہ سندھ نے ہدایت دی کہ یوم علیؑ کے جلوسوں اور مجالس کو مکمل طور پر محفوظ اور پرامن بنایا جائے اور رمضان المبارک کے تیسرے عشرے میں طاق راتوں کے پیش نظر سیکیورٹی حکمت عملی کو فول پروف بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام مرکزی مساجد میں دعائیہ محافل، تکمیل قرآن اور دیگر عبادات کے مواقع پر سیکیورٹی کو مؤثر اور مربوط بنایا جائے۔ پولیس پیٹرولنگ، پکٹنگ اور حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے بتایا کہ رمضان المبارک کے تینوں عشروں پر مشتمل سیکیورٹی پلان پر عمل درآمد جاری ہے اور تمام ضلعی افسران کو مربوط حکمت عملی اپنانے کا پابند بنایا گیا ہے۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری برائے داخلہ، سیکریٹری قانون، ڈی آئی جیز، سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔