کراچی (تشکر نیوز): کراچی کے پوش علاقے درخشاں، مسلم کمرشل میں پولیس کارروائی کے دوران منشیات فروش خاتون افشین نے اپنے فلیٹ کی بالکونی سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔
ذرائع کے مطابق درخشاں تھانے میں مقدمہ نمبر 181/25 کے تحت مطلوب منشیات فروش عبید کو پولیس نے رات گئے گرفتار کیا۔ دورانِ تفتیش عبید نے انکشاف کیا کہ افشین نامی خاتون اس کے ساتھ منشیات فروشی میں شراکت دار ہے۔
پولیس نے ملزم عبید کی نشاندہی پر مسلم کمرشل میں واقع افشین کے فلیٹ پر چھاپہ مارا۔
پولیس اہلکاروں کے بار بار دستک دینے اور دروازہ کھولنے کا مطالبہ کرنے کے باوجود افشین نے دروازہ نہیں کھولا۔
کچھ ہی دیر بعد افشین نے اچانک فلیٹ کی بالکونی سے چھلانگ لگا دی۔
افشین کو زخمی حالت میں فوری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
ذرائع کے مطابق 35 سالہ افشین اپنے فلیٹ میں اکیلی رہائش پذیر تھی، اور ابتدائی شواہد کے مطابق نشے کی عادی تھی۔
پولیس نے افشین کے فلیٹ سے بڑی مقدار میں شراب کی بوتلیں اور دیگر نشہ آور اشیاء برآمد کی ہیں۔
واقعے کے بعد پولیس نے پوسٹ مارٹم کے لیے لاش اسپتال منتقل کر دی ہے جبکہ قانونی کارروائی اور مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
پولیس کے مطابق افشین اور عبید ایک بڑے منشیات فروش نیٹ ورک کا حصہ ہیں، جس کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ کراچی میں منشیات کے پھیلتے نیٹ ورک کے خلاف جاری کارروائی کا حصہ ہے۔