لاہور ہائی کورٹ کے جج، جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ تشکر نیوز کے مطابق، انہوں نے صدرِ مملکت کو بھیجے گئے استعفے میں کہا کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر مزید فرائض انجام نہیں دے سکتے۔
سینیٹ اجلاس میں ہنگامہ آرائی، عون عباس بپی کی گرفتاری پر احتجاج، اہم بلز منظور
جسٹس چوہدری عبدالعزیز 2016 میں لاہور ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج کے طور پر شامل ہوئے اور بطور جج تقریباً 40 ہزار مقدمات کے فیصلے کیے۔ ان کی ریٹائرمنٹ کی مقررہ تاریخ 8 ستمبر 2033 تھی، تاہم انہوں نے قبل از وقت استعفیٰ دے دیا۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ لاہور ہائی کورٹ کے جج نے استعفیٰ دیا ہو۔ گزشتہ سال جسٹس شاہد جمیل خان نے بھی قبل از وقت مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا، جبکہ جنوری 2024 میں سپریم کورٹ کے سینئر ججز جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس مظاہر اکبر نقوی نے بھی اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
جسٹس عبدالعزیز کی قبل از وقت سبکدوشی نے عدالتی حلقوں میں چہ مگوئیوں کو جنم دیا ہے، تاہم ان کے استعفے میں کسی دباؤ یا تنازع کا ذکر نہیں کیا گیا۔