کراچی (وسیم قریشی) انسٹیٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس (ICMAP) کے زیر اہتمام JOB Education Expo 2025 کا انعقاد کیا گیا، جس میں 300 سے زائد کمپنیوں نے شرکت کی۔ اس نمائش کا مقصد نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور انہیں کیریئر کے بہترین امکانات سے روشناس کرانا تھا۔
سندھ حکومت کا لینڈ گریبنگ اور تجاوزات کے خلاف ایکشن، اعلیٰ اختیاراتی ڈیسک قائم
بے نظیر بھٹو شہید ہیومن ریسورس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ (BBSHRRDB) کا اسٹال اس ایکسپو میں عوام کی توجہ کا مرکز رہا۔ سندھ حکومت کے زیر انتظام کام کرنے والا یہ ادارہ سندھ بھر کے نوجوانوں کو 400 سے زائد شعبوں میں ہنر مند بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ اسٹال پر آنے والے افراد کو ادارے کی خدمات اور اس کی کارکردگی سے آگاہ کیا گیا، تاکہ وہ تکنیکی تعلیم کی اہمیت کو سمجھ سکیں اور ہنر مند بن کر اپنے لیے روزگار کے بہتر مواقع پیدا کر سکیں۔
اس موقع پر سیکریٹری BBSHRRDB، منور علی مٹھانی نے ICMA پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ایونٹس کا انعقاد جاری رہنا چاہیے کیونکہ سندھ کے نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت مستقبل میں بھی اس طرح کے پروگرام منعقد کرے گی تاکہ نوجوانوں کو ہنر سے آراستہ کرکے انہیں خود کفیل بنایا جا سکے۔
ریجنل کنسلٹنٹ، محمد سلیمان دشتی نے بتایا کہ اب تک سوا پانچ لاکھ نوجوانوں کو مختلف ٹریڈز میں ٹریننگ دی جا چکی ہے، جو بے نظیر بھٹو شہید کے ویژن کا حصہ ہے تاکہ سندھ کے نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر انہیں روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
ایکسپو میں مختلف تعلیمی اداروں کے اساتذہ، طلبہ اور BBSHRRDB کے تربیت یافتہ کامیاب افراد نے بھی شرکت کی اور اپنی کامیابی کی کہانیاں شرکاء سے شیئر کیں۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سید محمد علی، ڈپٹی ڈائریکٹر شکیل قائمخانی، شمس اجن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد اشرف، اسسٹنٹ ڈائریکٹر مانیٹرنگ جہانزیب کمال، رضوان شیخ سمیت دیگر افسران نے بھی اپنی خدمات انجام دیں اور عوام میں شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔