پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات بڑھانے پر اتفاق

(تشکر نیوز) اسلام آباد: پاکستان اور ترکیہ نے تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ایوانِ صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ملاقات ہوئی، جہاں صدر زرداری نے ترک صدر کا پرتپاک استقبال کیا۔

خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 13 خوارج ہلاک

ملاقات میں دونوں ممالک نے تجارت، معیشت، توانائی، دفاع، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ ترک صدر کا دورہ پاکستان کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے اور اس سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

صدر زرداری نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کے کاروباری اداروں کو پاکستانی اسٹاک مارکیٹ اور معیشت کے اہم شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے بینکاری شعبوں میں تعاون بڑھانے اور تجارتی حجم میں اضافے پر بھی زور دیا۔

اس موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ ترکیہ پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے اور ترک کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کریں گی۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی امور، بالخصوص غزہ، شام، اور جموں و کشمیر کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترک صدر نے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق بات چیت کی حمایت کا اعادہ کیا اور قبرص کے معاملے پر پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

ترک صدر نے پاکستان کی ترقی، امن، اور استحکام کو سراہتے ہوئے پاک-ترکیہ دوستی کو مزید مضبوط کرنے اور اسے آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے کے لیے عوامی روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر آصف علی زرداری نے ترک صدر، ترک خاتون اول، اور ان کے وفد کے اعزاز میں خصوصی عشائیے کا بھی اہتمام کیا۔

57 / 100

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!