کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر شبِ برات کے موقع پر شہر بھر میں فراہمی و نکاسی آب کے انتظامات مکمل کرنے کے لیے واٹر کارپوریشن کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
ایم ڈی واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان نے ہنگامی اقدامات کے احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ قبرستانوں، مزارات، عبادت گاہوں اور مساجد کے اطراف تمام شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔ ایس او ٹو ایم ڈی واٹر کارپوریشن سردار شاہ نے اس حوالے سے مراسلہ بھی جاری کردیا۔
میئر کراچی نے تاکید کی کہ تمام اضلاع کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز، منتخب نمائندے، ضلعی انتظامیہ، سماجی و مذہبی تنظیموں اور علمائے کرام سے مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی شکایت کو بروقت حل کیا جا سکے۔
اس موقع پر فوکل پرسن برائے ہائیڈرنٹس سیل شہباز بشیر کو ہدایت دی گئی کہ وہ قبرستانوں اور مساجد میں پانی کی فراہمی کے لیے واٹر ٹینکرز کے انتظامات کی نگرانی کریں۔ مزید برآں، زائرین کے لیے قبرستانوں کے داخلی و خارجی راستوں پر پانی سے بھرے ٹینکرز بھی تعینات کیے جائیں گے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شبِ برات ہزار راتوں میں سے ایک افضل رات ہے اور اس موقع پر شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی سہولیات فراہم کرنا ایک عبادت سے کم نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شبِ برات کے انتظامات میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور شہریوں کو مکمل سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔