کراچی: معاون خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے نائب صدر امان اللہ مسعود نے بغدادی ہاؤس کا دورہ کیا، جہاں ان کی ملاقات یونائیٹڈ مسلم فورم کے چیئرمین آصف رضا قادری سے ہوئی۔ ملاقات میں سندھ کی موجودہ صورت حال سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین آل کراچی جیمز جیولرز ایسوسی ایشن شفیع داؤد، سینئر رکن یونائیٹڈ مسلم فورم انجینئر ارشد محفوظ قادری، مفتی نعمان شیخ، تاجر رہنما عبدالقادر سوریہ، رانا جاوید سیفی سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔ یونائیٹڈ مسلم فورم کے عہدیداروں نے امان اللہ مسعود کو معاون خصوصی مقرر ہونے پر مبارکباد دی، انہیں پھولوں کا گلدستہ اور مہر ختم نبوت کا تحفہ پیش کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آصف رضا قادری نے کہا کہ فورم ملک میں امن و استحکام، ترقی، مذہبی رواداری اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے سرگرم عمل ہے اور سندھ حکومت کے مثبت فیصلوں کی ہمیشہ حمایت کی ہے۔
انہوں نے کراچی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدر موبائل مارکیٹ اور سرینہ موبائل مارکیٹ کے دو تاجر، شہید وقاص اور شہید دانیال کی المناک شہادت نے پوری کاروباری برادری کو غمزدہ کر دیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت ٹریفک قوانین میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کرے اور نشے کے عادی افراد اور ناتجربہ کار ڈرائیوروں کے لائسنس فوری طور پر منسوخ کیے جائیں۔
اس موقع پر معاون خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ امان اللہ مسعود نے یونائیٹڈ مسلم فورم کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ کراچی کے مسائل وزیر اعلیٰ سندھ کے سامنے رکھے جائیں گے۔ انہوں نے ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔