کیماڑی پولیس نے تھانہ سعید آباد کی حدود میں سیکٹر 4 سعید آباد میں تین مسلح ڈکیتوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ایک ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کے مطابق، گرفتار ملزمان کی شناخت شام اور فیصل کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزم کا نام سکندر بتایا گیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی پستول، مسروقہ پرس، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔
دوران تفتیش، ملزمان نے اعتراف کیا کہ دو روز قبل سعید آباد کے علاقے میں زیشان نامی شخص کو لوٹا تھا، اور ان کے قبضے سے اس واردات میں چھینا گیا پرس، بجلی کا بل اور شناختی کارڈ بھی برآمد ہوا۔
ملزمان نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے بلدیہ ڈویژن میں درجنوں وارداتیں کیں اور بچت بازاروں میں آنے والی خواتین سے پرس چھیننے کی وارداتیں بھی کیں۔
تھانہ سعید آباد کے ایس ایچ او انسپکٹر ادریس بنگش کی قیادت میں کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جس میں چوکی انچارج شہید مختیار گھمن اور ASI فاروق بھی شامل تھے۔
ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔