وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملک اور قوم سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہوسکتی اور ریاست اور دھرتی ہماری ریڈلائن ہے۔ آئی پی پی پنجاب سیکرٹریٹ لاہور میں پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران عبدالعلیم خان نے کہا کہ سیاست یا حکومت کے بجائے ہمیں ریاست کے تحفظ کی فکر کرنی ہوگی کیونکہ ملک دشمن عناصر گھات لگائے بیٹھے ہیں، اس لیے چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔
نجی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی میں 6 ماہ کے دوران 815 فیصد کا نمایاں اضافہ
اس موقع پر عبدالعلیم خان کا والہانہ استقبال کیا گیا، جہاں انہوں نے ضلعی رہنماؤں سے مشاورت کی اور پنجاب بھر میں ورکرز کنونشن کرانے پر غور کیا۔ انہیں مختلف اضلاع میں ہونے والی تنظیم سازی، پارٹی اور سیاسی امور پر بریفنگ دی گئی۔
آئی پی پی کے صدر عبدالعلیم خان سے مختلف رہنماؤں کی ملاقات بھی ہوئی، جن میں جنرل سیکرٹری رانا جاوید اقبال، صدر آئی پی پی پنجاب رانا نذیر احمد، صدر لاہور ملک زمان نصیب اور دیگر شامل تھے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہر گھر تک ترقی، خوشحالی اور ملکی سلامتی کا پیغام پہنچانا ہے۔
اس کے علاوہ، آئی پی پی نے جنوبی پنجاب کے لیے علیحدہ تنظیمی ڈھانچہ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا، جس کی منظوری صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے دی۔ رفاقت گیلانی کو جنوبی پنجاب کا صدر اور تحسین گردیزی کو جنرل سیکرٹری نامزد کیا گیا۔