کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی زیر صدارت کراچی پولیس آفس میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں لاپتہ اور اغوا شدہ بچوں کی بازیابی، امن و امان کی صورتحال اور ٹریفک مینجمنٹ پر تفصیل سے غور کیا گیا۔ اجلاس میں زونل ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن، ڈی آئی جی سی آئی اے، ضلعی ایس ایس پیز، ایس پیز انویسٹی گیشن، ایس پی اے وی سی سی اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران نے شرکت کی۔
ضلع کیماڑی تھانہ موچکو پولیس کا رئیس گوٹھ میں چھاپہ، دو منشیات فروش گرفتار
ایڈیشنل آئی جی نے اجلاس میں ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کی بازیابی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، پولیس پیٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں کی جائیں۔ انہوں نے اہم تنصیبات، پولیس اسٹیبلشمنٹ اور غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کے لیے مزید اقدامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی نے غیر قانونی بس اڈوں اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے فوری طور پر کارروائی کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔