بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے اس مبینہ فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ بھارتی کپتان روہت شرما چیمپئنز ٹرافی 2025 کی افتتاحی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025: اسکواڈ کا اعلان تاخیر کا شکار
رپورٹس کے مطابق، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے روایتی فوٹو شوٹ اور پری ایونٹ پریس کانفرنس میں روہت شرما کی شرکت کی توقع کی جا رہی تھی۔ تاہم بی سی سی آئی نے نہ تو روہت شرما کے سفر کی تصدیق کی ہے اور نہ ہی انکار کیا ہے۔
پی سی بی کے ایک عہدیدار نے ان اطلاعات پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ میں سیاست شامل کرنا کھیل کے لیے نقصان دہ ہے اور آئی سی سی کو اس معاملے پر فوری ایکشن لینا چاہیے۔
مزید برآں، رپورٹس ہیں کہ بھارت چیمپئنز ٹرافی کے دوران اپنی جرسی پر میزبان ملک (پاکستان) کا نام شامل کرنے سے بھی گریز کر سکتا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی 2025، جو 19 فروری کو پاکستان میں شروع ہوگی، ایک اہم موقع ہے کیونکہ کئی دہائیوں بعد پاکستان آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔ بھارت نے اپنے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے، جو پاکستان اور بھارت کے درمیان طے شدہ ہائبرڈ ماڈل کا حصہ ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی 2017 میں فتح حاصل کی تھی اور اس بار وہ دفاعی چیمپئن کے طور پر ایونٹ میں شریک ہوگا۔