اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے سابق سینیٹر اور بلاول بھٹو زرداری کے سابق ترجمان مصطفی نواز کھوکھر نے تحریک انصاف سمیت اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد "تحریک تحفظ آئین پاکستان” میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں سیکیورٹی کی دگرگوں صورتحال، مافیا کا راج
اسلام آباد میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت اور پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کے ساتھ میڈیا سے بات کرتے ہوئے مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ ملک کے موجودہ بحرانوں کو حل کرنے کے لیے تمام سیاسی و سماجی طبقوں کو متحد ہونا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بحرانوں میں اضافہ کیا ہے، اور اس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی اور آئینی بالادستی قائم کرنے کے لیے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے جدوجہد کی جائے گی۔
مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ وہ دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی رابطے میں ہیں اور جلد ایک مشترکہ ایجنڈے کے تحت جدوجہد کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں فیصلے عوام کے ووٹ سے ہونے چاہییں، نہ کہ بند کمروں میں۔
یاد رہے کہ مصطفی نواز کھوکھر نے 2022 میں سینیٹ سے استعفیٰ دیا تھا اور پاکستان پیپلزپارٹی سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔