(تشکر نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے انٹرنیشنل کرکٹ کی پاکستان واپسی پر وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی کوششوں کو قابل ستائش قرار دیا ہے۔
ورلڈ بینک کی عالمی اقتصادی رپورٹ 2025: پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ 2.8 فیصد رہنے کی پیشگوئی
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ملکی معیشت میں بہتری کی خبریں آ رہی ہیں، مہنگائی اور شرح سود میں کمی اور اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل ترقی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 8 فروری کو یوم تعمیر و ترقی کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے، جس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو ایوارڈز دیے جائیں گے اور نوجوانوں کی کامیابیوں کو تسلیم کیا جائے گا۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ سیاسی استحکام کے لیے پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات ہو رہے ہیں اور امید ہے کہ ان کا نتیجہ مثبت نکلے گا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کے کرکٹ میدان جو ویران سمجھے جاتے تھے، اب دنیا کی بہترین ٹیموں کی میزبانی کریں گے۔ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی اور انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی وزیراعظم شہباز شریف اور محسن نقوی کی کامیاب کوششوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی کی مینجمنٹ نے آئی سی سی وفد سے کامیاب مذاکرات کیے ہیں، اور وزیراعظم نے قومی کرکٹ ٹیم کی بھرپور پذیرائی کی ہے۔