سوئی: بلوچستان کے علاقے سوئی میں ایک اہم امن جرگے کا انعقاد کیا گیا، جس میں آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل عابد مظہر، قبائلی عمائدین، سوشل ورکرز، سول انتظامیہ اور مقامی افراد نے شرکت کی۔ جرگے کا مقصد علاقے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینا اور ترقیاتی کاموں پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔
تھانہ زمان ٹاؤن کی کارروائی، اسلحہ سمیت ملزم گرفتار
قبائلی عمائدین نے جرگے کے دوران ڈیرہ بگٹی، سوئی اور دیگر علاقوں میں امن و امان کی بحالی اور بہتر سیکیورٹی صورتحال کے لیے ایف سی بلوچستان کی خدمات کو بھرپور سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں وہ ریاست اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔
آئی جی ایف سی میجر جنرل عابد مظہر نے اس موقع پر کہا کہ ایف سی عوام کے جان و مال اور امن کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف سی کی جانب سے تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں خدمات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کی زندگی میں بہتری لائی جا سکے۔
امن جرگے میں مقامی افراد نے اپنی تجاویز بھی پیش کیں، جنہیں ایف سی اور سول انتظامیہ نے سنجیدگی سے لیا اور ان پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔\